بلاول بھٹو نے طالبان کو ' تنہا ' کرنے کے سنگین نتائج سے دنیا کو خبردار کردیا

IQNA

بلاول بھٹو نے طالبان کو ' تنہا ' کرنے کے سنگین نتائج سے دنیا کو خبردار کردیا

16:21 - September 28, 2022
خبر کا کوڈ: 3512815
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے طالبان کے ساتھ دنیا کے مضبوط تعلقات کی بحالی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان کے حکمرانوں کو دوبارہ عالمی تنہائی کا شکار کرنے کی صورت میں خطرناک نتائج سے خبردار کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق واشنگٹن کے دورے پر غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے امریکا کی جانب سے طالبان پر عدم اعتماد کے بعد افغانستان کے منجمد اثاثے سوئٹزرلینڈ کے پروفیشنل فنڈ میں منتقل جانے کے بعد متوازی گورننس قائم کرنے کے خلاف خبردار کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے ماضی سے سیکھا ہے کہ جب ہم اپنے ہاتھ جھاڑ دیتے ہیں اور پیٹھ پھیر لیتے ہیں تو ہم اپنے لیے غیر ارادی منفی نتائج اور مزید مسائل پیدا کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ معاشی تباہی، پناہ گزین کی بڑی تعداد اور داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں کے لیے نئی بھرتیوں کے خطرے کے بارے میں ہمارے خدشات، ان خدشات و تحفظات سے کہیں زیادہ ہیں جو ان کے مالیاتی اداروں سے متعلق ہو سکتے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھی اسی طرح کی خیالات اور خدشات کا اظہار کیا تھا۔

کچھ سابقہ عہدیداروں کے برعکس بلاول بھٹو نے ’اے ایف پی‘ کو دیے گئے انٹرویو میں طالبان کے لیے گرم جوشی کا اظہار نہیں کیا۔

اس صورتحال میں جب کہ ملک میں خواتین کے حقوق کی فراہمی میں کمی ہوئی ہے بلاول بھٹو نے کہا کہ طالبان کو خواتین کے حقوق جیسے امور پر سیاسی گنجائش کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری تاریخ میں، مذہب کے نام پر قائم حکومتوں اور مطلق العنان حکومتوں میں معاشی بحران کے دوران حقوق دینے کا قطعی رجحان نظر نہیں آتا بلکہ وہ اپنی آبادی کو راغب رکھنے کے لیے ثقافتی مسائل اور دیگر مسائل کو تھامے رہتے ہیں۔

امریکا، طالبان کے ساتھ مذاکرات سے پیچھے ہٹ گیا ہے اور اس نے اگست میں کہا کہ انہوں نے القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری کا استقبال کرکے وعدوں کی خلاف ورزی کی۔

ایمن الظواہری کابل میں ایک گھر میں پائے گئے تھے اور امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔

نظرات بینندگان
captcha